Saturday, November 9, 2024
ہومپاکستانامریکا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کا میو ہسپتال کے لئے 17 الیکٹرک بیڈز کا عطیہ

امریکا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کا میو ہسپتال کے لئے 17 الیکٹرک بیڈز کا عطیہ

اسلام آباد،امریکا میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم (اے پی پی این اے)آپنانے مقامی فلاحی تنطیم سی ڈی آر ایس کے تعاون سے میو ہسپتال کوکورونا آئی سی یو کے لئے 17 جدید الیکٹرک بیڈز عطیہ کردیئے ۔ تقریب میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نبیل اعوان ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیپٹن (ر)عثمان کے علاوہ سی ای او میو ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم ، سی او او ڈاکٹر افتخار ،ڈاکٹر سلمان کاظمی کے علاوہ سی ڈی آر ایس فائونڈر ٹوڈ شاہ اور ان کی ٹیم کے ممبران نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب میں سیکرٹری نبیل اعوان نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی فزیشنز پر فخر ہے جو ملک سے دور رہ کر بھی ملک کے لئے فکر مند رہتے ہیں ، آپنا کے ارکان ہمارے لئے فیملی ممبرز کی طرح ہیں ،میو ہسپتال کو جدید الیکٹرک بیڈز فراہم کرنے پر سی ڈی آر ایس اور آپنا کے شکر گزار ہیں ۔ میو ہسپتال کے ڈاکٹر سلمان کاظمی نے کہا کہ ہسپتال میں پرانے بیڈز کی جگہ نئے الیکٹرک بیڈز لانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے لئے آپنااور سی ڈی آر ایس نے بہت تعاون کیا ہے ۔یہ بیڈز اس طرح ڈیزائن کئے گئے ہیں کہ مریض خود بھی ان کو اپنی سہولت کے مطابق ایڈجسٹ کر سکیں گے ۔ آپنا نے تقریبا 13لاکھ روپے کی خطیر رقم سے سی ڈی آر ایس کے ذریعے سترہ الیکٹرک بیڈز فراہم کئے ہیں جس پر ان کے شکر گزار ہیں ۔ سی ڈی آر ایس کے بانی ٹوڈ شاہ نے بتایا کہ میو ہسپتال کو الیکٹرک بیڈز فراہم کرنے میں اپنے کردار پر خوش ہیں ، امریکا میں ڈاکٹروں کی تنظیم آپنا نے کرونا وائرس اور لاک ڈائون کے دوران بھی نہ صرف پاکستان میں لوگوں کی بہت مدد کی بلکہ امریکا میں بھی فلاحی سرگرمیاں سرانجام دی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ آپنا کے تعاون سے آئندہ بھی پاکستان میں صحت تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں فلاحی سرگرمیاں جاری رکھیں گے ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔