ڈھاکہ (آئی پی ایس )بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ خلیل الرحمن منگل سے چین کا 3 روزہ سرکاری دورہ شروع ک رہے ہیں، جو فروری میں بنگلہ دیش کی نئی حکومت کے قیام کے بعد ان کا پہلا دورہ بیجنگ ہے، وفد کی قیادت وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان کررہے ہیں جن کے ہمراہ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے منگل کے روز یہ وفد ڈھاکہ سے دوپہر 2 بجے روانہ ہوگا اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر 5 سے 7 مئی تک بیجنگ میں قیام کرے گا۔ ڈاکٹر خلیل الرحمن کا بطور وزیر خارجہ چین کا یہ پہلا دورہ ہے، اگرچہ وہ اس سے قبل عبوری حکومت میں سیکیورٹی ایڈوائزر کی حیثیت سے بھی بیجنگ جاچکے ہیں۔
موجودہ سیاسی تناظر میں اس دورے کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ اس کے نتائج سے نہ صرف بنگلہ دیش اور چین کے مستقبل کے تعلقات کی سمت متعین ہوگی بلکہ وزیراعظم طارق رحمان کے پہلے ممکنہ غیر ملکی دورے کے حوالے سے بھی فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال میں یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور تزویراتی تعاون کو نئی جلا بخشنے کا سبب بن سکتا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق چین بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اس دورے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد کو بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی امید رکھتا ہے، اس دورے کا ایک اہم مقصد بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے تحت اعلی معیار کے تعاون کو فروغ دینا اور جامع تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات باہمی احترام، مساوات اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر مبنی رہے ہیں، جس سے دونوں قوموں کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں۔
