اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت کے تمام اداروں کی مشترکہ کوششوں اور پورے حکومتی نظام کے مربوط انداز میں کام کرنے کی عکاس ہے۔
موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے فیول ریلیف اسکیم کا ملک بھر میں 17 ستمبر سے آغاز کیا گیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطی کی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے نتیجے میں عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ کو کم کرنے کے لیے سبسڈی کا اعلان کیا تھا۔اسحاق ڈار کی زیر صدارت منگل کو قومی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کا اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ وزارت اطلاعات و ٹیکنالوجی، وزارت پیٹرولیم، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور تمام صوبوں نے اسکیم پر عملدرآمد کے لیے مربوط اور مشترکہ کوششیں کی ہیں۔انہوں نے مستحق افراد کو سہولت فراہم کرنے اور ملک بھر میں خدمات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اداروں کے درمیان مسلسل رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک تقریبا 76 لاکھ رجسٹریشنز کامیابی سے مکمل کی جاچکی ہیں، جبکہ ٹوکن استعمال کرنے کا عمل دوسرے ہفتے میں داخل ہوگیا ہے۔ اب تک 77 لاکھ 10 ہزار ٹوکنز استعمال کیے جاچکے ہیں۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نائب وزیراعظم آفس طارق باجوہ، وفاقی و صوبائی سیکریٹریز جبکہ اسٹیٹ بینک، اوگرا، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے حکام نے شرکت کی۔فیول ریلیف اسکیم کے تحت دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر کے کوٹے پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دی جارہی ہے، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر کے کوٹے پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی فراہم کی جاتی ہے۔
اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس، وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کے اقدامات کا جائزہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
