ہومتازہ ترینسیشن عدالت اسلام آباد نے چینی شہری کو سزائے موت کا حکم دیدیا

سیشن عدالت اسلام آباد نے چینی شہری کو سزائے موت کا حکم دیدیا

اسلام آباد (سب نیوز)سیشن عدالت اسلام آباد نے چینی شہری کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم دے دیا۔
چینی شہری ژو ژن لیانگ کو اگست 2024 میں سیکٹر جی 13/3 میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، عدالت نے مقتول کے ورثا کو 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دے دیا۔اسلام آباد کی سیشن عدالت نے چینی شہری ژو ژن لیانگ کے قتل کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ایک اور چینی شہری ین گو شوان کو سزائے موت سنا دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم ین گو شوان کو پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت سزائے موت کا حکم دیا۔عدالت نے ملزم کو مقتول کے ورثا کو 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ فیصلے کے مطابق معاوضے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔عدالت نے ملزم کو گھر میں غیرقانونی داخلے سے متعلق دفعہ کے تحت بھی 7 سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔تاہم عدالت نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 354 کے تحت عائد الزام سے ملزم کو بری کردیا، مذکورہ دفعہ کسی خاتون کی عصمت یا حیا مجروح کرنے کی نیت سے اس پر حملہ یا مجرمانہ طاقت کے استعمال سے متعلق ہے۔
مقدمہ اسلام آباد کے سنمبل پولیس اسٹیشن میں 2024 میں درج کیا گیا تھا، پولیس نے فائرنگ کے واقعے کے فورا بعد ین گو شوان کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی تھیں۔پولیس کے مطابق اسلام آباد کے سیف سٹی نگرانی نظام نے ایک فلیٹ میں فائرنگ کی اطلاع دی، جہاں چینی شہری رہائش پذیر تھے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں فائرنگ کا واقعہ دونوں چینی شہریوں کے درمیان تنازع کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق واقعے کی عینی شاہد یا دی نے تفتیشی حکام کو بتایا تھا کہ وہ اور مقتول ژو ژن لیانگ فلیٹ کے بالائی حصے میں رہائش پذیر تھے۔ انہوں نے شیشے ٹوٹنے اور فائرنگ کی آواز سنی، جس کے بعد دونوں نیچے آئے۔
عینی شاہد کے مطابق وہاں ین گو شوان موجود تھا جو فلیٹ کے نچلے حصے میں رہتا تھا اور اس کے ہاتھ میں پستول تھا۔ پولیس کے مطابق گواہ نے بتایا کہ ملزم نے ژو ژن لیانگ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ سیڑھیوں پر گر گیا۔بعد ازاں عینی شاہد نے زخمی ژو کو اپنی نجی گاڑی میں اسپتال منتقل کیا، پولیس کے مطابق مقتول کے سر میں گولی لگی تھی اور اس کی حالت تشویشناک تھی جبکہ واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے قتل اور دیگر الزامات سے متعلق شواہد کا جائزہ لیا، عدالت کی جانب سے ملزم کو قتل کے الزام میں سزائے موت سنائے جانے کے ساتھ ساتھ مقتول کے ورثا کے لیے مالی معاوضہ بھی مقرر کیا گیا ہے۔عدالت کے فیصلے کے مطابق گھر میں غیرقانونی داخلے کے الزام میں الگ سے سات سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی گئی جبکہ دفعہ 354 کے الزام میں ملزم کو بری کردیا گیا۔عدالت کا یہ فیصلہ ٹرائل کورٹ کی سطح پر مقدمے کا اختتام ہے تاہم سزائے موت کے خلاف متعلقہ قانونی طریقہ کار کے تحت اپیل کا حق موجود ہے اور سزا پر عمل درآمد قانونی مراحل مکمل ہونے سے مشروط ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔