Sunday, October 13, 2024
ہومبریکنگ نیوزبدترین خشک سالی: افریقی ممالک کا جنگلی جانوروں کو مار کر گوشت عوام میں تقسیم کا منصوبہ،ہزاروں جانور شکار ہوں گے

بدترین خشک سالی: افریقی ممالک کا جنگلی جانوروں کو مار کر گوشت عوام میں تقسیم کا منصوبہ،ہزاروں جانور شکار ہوں گے

ہرارے (سب نیوز )نمیبیا کے بعد ایک اور افریقی ملک نے جنگلی جانوروں کو مار کر گوشت عوام میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گزشتہ دنوں افریقی ملک نمیبیا نے ہاتھی اور زیبرا سمیت 700 سے زائد جنگلی جانوروں کو مار نے کا فیصلہ کیا تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماحولیات، جنگلات اور سیاحت کی وزارت کی جانب سے جنگلی جانوروں کو مارنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک 100 سالوں کی بدترین خشک سالی سے دوچار ہے۔

وزارت نے کہا کہ خشک سالی کو مد نظر رکھتے ہوئے 700 سے زائد جنگلی حیات کو مار کر ان کا گوشت خوراک سے متاثرہ افراد کو تقسیم کیا جائے گا، ان جنگلی حیات میں 83 ہاتھی، 30 گینڈے، 60 بھینسے، 50 امپالا ہرن، 100 بلیو وائلڈ بیسٹ اور 300 زیبرا شامل ہیں جنہیں نیشنل پارکس سمیت دیگر علاقوں سے شکار کرکے لایا جائے گا۔

وزارت نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد جنوب مغربی افریقی ملک میں خشک سالی کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کرنا ہے۔تاہم اب نمیبیا کے بعد افریقی ملک زمبابوے نے بھی جنگلی جانوروں کو مار کر گوشت عوام میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق جنگلی ہاتھیوں اور دیگر جانوروں کے گوشت سے لوگوں کی خوراک کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔حکام نے بتایا کہ زمبابوے میں قریبی جنگلات سے 200جنگلی ہاتھیوں کا قریبی جنگلات سے شکار کرکے ان کا گوشت مستحقین میں تقسیم کیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ ہاتھیوں، جنگلی جانوروں کے شکار کے لیے باقاعدہ اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔