اسلام آباد (آئی پی ایس )ملک میں بیرونی ادائیگیوں اور ڈپازٹس کے رول اوور ہونے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 8 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 4 کروڑ 32 لاکھ ڈالر اضافے کے بعد 21 ارب 33 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
اس مثبت تبدیلی میں مرکزی بینک اور کمرشل بینکوں دونوں کے ذخائر میں اضافہ شامل ہے، اسٹیٹ بینک کے اپنے ذخائر ایک کروڑ 67 لاکھ ڈالر کے اضافے کے ساتھ 15 ارب 86 کروڑ 74 لاکھ ڈالر ہوچکے ہیں۔معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ آئی ایم ایف کی قسط کی مد میں متوقع ایک ارب 30 کروڑ ڈالر اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متوقع 25 کروڑ ڈالر کی وصولی کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر رواں مالی سال کے لیے مقررہ 18 ارب ڈالر کے ہدف کے انتہائی قریب پہنچ جائیں گے۔دوسری جانب کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی اضافے کا تسلسل برقرار ہے، جو حالیہ کاروباری ہفتے میں 2 کروڑ 65 لاکھ ڈالر بڑھ کر 5 ارب 46 کروڑ 93 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے ہیں۔معاشی حلقوں کو توقع ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے لیے آنے والی ترسیلاتِ زر بھی ذخائر کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
