چلاس(آئی پی ایس) دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے زیراہتمام کلچرل ہیرٹیج منیجمنٹ پلان کے تحت پراجیکٹ ایریا میں پتھروں پر موجود ہزاروں سال پرانی تاریخی نقش و نگاراور ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں پراجیکٹ ایریا کھنبری ،رائٹ بینک پیریفری روڈ پر تعمیراتی کام کے زد میں آنے والی نقش و نگار پر مشتمل ایک وزنی پتھر کو محفوظ مقام پر منتقل کرلیاگیا ہے۔ واپڈا ،دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ انتظامیہ نے 1.74 میٹر لمبے اور 0.96 میٹر اونچے اور کئی من وزنی اس پتھر کو تمام حفاظتی اقدامات کے ساتھ کنٹریکٹرز کیمپ بوشی داس منتقل کرلیا ہے۔
نادر، تاریخی نقش و نگار پر مبنی اس پتھر کو میوزیم کے قیام کے بعد ہمیشہ کیلیے چلاس میں موجود میوزیم میں منتقل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر واپڈا، دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی ایڈوائزر کلچرل ہیرٹیج فریال گوہر صاحبہ، واپڈا اور کنٹریکٹرز کے دیگر سینئر حکام موجود تھے۔ پراجیکٹ ایریا میں موجود تاریخ نقش و نگار کی اہمیت اور حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے واپڈا، دیامربھاشا ڈیم پراجیکٹ نے مقامی آبادی، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کو ان پتھروں کے تحفظ اور اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ واپڈا نے کلچرل ہیرٹیج منیجمنٹ پلان کے تحت نہ صرف پراجیکٹ ایریا میں موجود ہزاروں تاریخ نقش و نگار کے تحفظ اور منتقلی کیلیے اقدامات اٹھائے ہیں بلکہ چلاس فورٹ کی بحالی اور میوزیم کا قیام اسی پلان کا حصہ ہے۔
