اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان نے پاکستان میں تعینات نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نیدرلینڈز کی وزارت خارجہ کے شعبہ جنوبی ایشیا کی سربراہ ای لائن بوٹگر بھی سفیر کے ہمراہ موجود تھیں۔ملاقات کے دوران خطے کی تازہ ترین صورتحال اور افغانستان میں سرگرم مختلف دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر اس امر کا حوالہ دیا گیا کہ اقوام متحدہ سمیت متعدد بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس میں افغانستان میں بڑی تعداد میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان رابطوں اور اہم علاقائی معاملات پر مشاورت کی اہمیت بھی زیر بحث آئی۔
