اسلام آباد (سب نیوز) متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے زیر اہتمام عید الاتحاد (یومِ اتحاد) کی 55ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد کے ہوٹل سرینا میں ایک پروقار اور شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارتی، سیاسی، کاروباری اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز اور سفارت کاروں کے علاوہ سیاسی رہنماؤں، حکومتی شخصیات، ممتاز کاروباری افراد، سول سوسائٹی کے نمائندوں، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ، اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد الزعابی نے اپنے خطاب میں پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کو برادرانہ، باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بنیاد مضبوط تاریخی روابط اور عوامی سطح پر گہری وابستگی پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے، خصوصاً توانائی، تجارت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مضبوط بنانے اور مشترکہ اقتصادی مفادات کے حصول کے لیے مزید اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
سفیر سالم محمد الزعابی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان طویل عرصے پر محیط دوستی دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے عوامی، ثقافتی، سماجی اور اقتصادی روابط کو دونوں ممالک کی دوستی کا اہم ستون قرار دیا۔
تقریب کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اپنے خطاب میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اقتصادی اور تزویراتی مفادات کے حامل شعبوں میں دوطرفہ روابط کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گزشتہ پانچ دہائیوں سے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ مضبوط تعلقات آنے والے دنوں اور مہینوں میں مزید فروغ پائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 1971 میں متحدہ عرب امارات کے قیام کے بعد سے قریبی اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں، جو وقت گزرنے کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم، انفراسٹرکچر اور علاقائی امور سمیت مختلف شعبوں تک پھیل چکے ہیں۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے، جبکہ یو اے ای میں مقیم لاکھوں پاکستانی دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی اور روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا، جبکہ مہمانوں کی تواضع مختلف اقسام کے لذیذ کھانوں سے کی گئی۔ شرکاء نے اس موقع پر ایک دوسرے سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
