راولپنڈی(سب نیوز)پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر عزت مآب ڈاکٹر عمر ایچ اوبا نے کہا ہے کہ ایتھوپیا ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ گرین لیگیسی انیشی ایٹو اس حوالے سے ملک کا ایک اہم اور تاریخی منصوبہ ہے۔
انہوں نے یہ بات پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کا موضوع زرعی جدت اور سماجی کاروبار کے ذریعے کمیونٹیز کے معاشی و سماجی حالات میں بہتری تھا۔سفیر ڈاکٹر عمر ایچ اوبا نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان عالمی سطح پر گرین ہاس گیسوں کے اخراج میں نسبتا کم حصہ ڈالتے ہیں، تاہم دونوں ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے، جن میں تباہ کن سیلاب، خشک سالی اور زرعی پیداوار میں کمی شامل ہیں۔
انہوں نے ایتھوپیا کے گرین لیگیسی انیشی ایٹو کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ 2019 میں وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد علی کے فلسفہ میڈیمر کے تحت شروع کیا گیا، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ سبز اور پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
سفیر کے مطابق اس منصوبے کے تحت 2019 سے اب تک 56 ارب سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں، جن کی کامیابی کی شرح تقریبا 85 فیصد ہے۔ اس مہم کے نتیجے میں ایتھوپیا میں جنگلات کا رقبہ 17 فیصد سے بڑھ کر 23 فیصد سے زیادہ ہو گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں قائم ہزاروں نرسریاں خواتین اور مردوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں، جس سے ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ جامع معاشی ترقی کو بھی فروغ مل رہا ہے۔
ڈاکٹر عمر ایچ اوبا نے ادیس ابابا کے کوریڈور ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں پر پابندی اور ایتھوپیا کی جانب سے COP32 کی میزبانی کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ملک کے قومی عزم کا مظہر قرار دیا۔انہوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا کا سفارت خانہ پاکستان کے تمام تعلیمی، سرکاری اور دیگر اداروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے غذائی تحفظ، زرعی پیداوار میں اضافے، ماہرین کے تبادلے اور جامعات کے درمیان شراکت داری کو دوطرفہ تعاون کے اہم شعبے قرار دیا۔کانفرنس کے موقع پر ایتھوپیا کے سفیر نے پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی میں پودا بھی لگایا، جو پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دوستی، یکجہتی اور مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔ کانفرنس میں زرعی جدت، سماجی کاروبار، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور کمیونٹی کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
