اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم شہباز شریف سے امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں وفد کی ملاقات کامیاب رہی، جس میں پیٹرولیم لیوی میں کمی، شرح سود گھٹانے اور سرکاری عہدیداروں کے لیے 1600 سی سی سے بڑی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی سمیت اہم نکات پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں کمی کے حوالے سے تفصیلی مذاکرات ہوئے، جبکہ جماعت اسلامی کے وفد نے ملک میں مہنگی گندم اور آٹے کا سنگین مسئلہ بھی براہِ راست وزیراعظم کے سامنے رکھا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا ہے اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی ایک نہایت اہم مسئلہ ہے، لیوی 80 روپے سے کم ہو کر 63 روپے تک آ گئی ہے، لیکن ہم نے حکومت پر واضح کیا کہ محض اس کمی سے بات نہیں بنے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے انکشاف کیا کہ پیٹرولیم لیوی سے متعلق حکومت کے ساتھ بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے اور وزیراعظم سے طے پایا ہے کہ آئندہ بجٹ تک لیوی میں مزید کمی کے حوالے سے ورکنگ مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شرح سود میں بھی کمی کرے گی اور ہم نے آج ایک معاہدے پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت حکومت سے جو بات طے ہوئی ہے اس پر عمل درآمد ہوگا۔
سرکاری اخراجات میں کمی کے حوالے سے امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ حکومت کے لوگ 1600 سی سی سے زیادہ کی گاڑی استعمال نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران طبقہ اپنی مفت بجلی اور مفت پیٹرول کی سہولیات پر بھی کنٹرول کرے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارے احتجاج اور مسلسل مذاکرات کے نتیجے میں عوامی ریلیف کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔حکومت نے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے جس میں اب تک 2 کروڑ افراد شامل ہو چکے ہیں اور عوام کو ریلیف ملنا شروع ہوا ہے، تاہم ہمارا مطالبہ تھا کہ اس ریلیف کے دائرہ کار میں مزید اضافہ کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اپنے بنیادی مقف اور عوامی مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹ رہی، ہماری جدوجہد کا اصول یہ ہے کہ عوام کے لیے ایک ریلیف حاصل کریں گے اور پھر اگلے ریلیف کے حصول کے لیے دوبارہ میدان میں آ جائیں گے۔
آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی کا اعلان کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 29 نومبر کو لاہور کے مینارِ پاکستان پر ایک تاریخی جلسہ منعقد کیا جائے گا جس کے ذریعے ہم پنجاب کی سیاست کو بدل دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مینارِ پاکستان کے اس جلسے میں جماعت اسلامی کے آئندہ کے لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، جبکہ انہوں نے ملک کی باقی سیاسی جماعتوں کو بھی عوامی حقوق کی اس جدوجہد میں ساتھ دینے کی دعوت دی۔ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کا خاتمہ ہو تاکہ صوبے میں آئینی و جمہوری عمل بحال رہ سکے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی گزشتہ کئی ماہ سے مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلا رہی ہے۔ اس سے قبل بھی حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے متعدد ادوار ہو چکے ہیں، جن کے نتیجے میں عوامی ریلیف کے مختلف اقدامات پر پیش رفت ہوئی ہے، اور حالیہ ملاقات اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
