سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (کَیس)، لاہور نے “اسمبلی یا مینوفیکچرنگ؟ پاکستان کی مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ صنعت میں لوکلائزیشن کی حقیقی گہرائی کی پیمائش” کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس سیمینار میں ماہرینِ تعلیم، دانشوروں اور کاروباری شخصیات نے ان شعبوں میں مقامی پیداوار سازی کی گہرائی اور حقیقی نوعیت کا جائزہ لیا اور پاکستان کی صنعت کو درپیش مواقع اور چیلنجز پر اپنی آراء کا تبادلہ کیا۔ کَیس لاہور کے ڈائریکٹر اکانومی ڈاکٹر شاہد رزاق نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔
ٹیکنو گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب عامر اللہ والا نے “پاکستان میں لوکلائزیشن اور مقامی مینوفیکچرنگ: صنعتی نقطۂ نظر، رکاوٹیں اور ٹیکنالوجی کے انضمام کی راہ” کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اپنی صنعتی بنیاد کو محض اسمبلی سے آگے بڑھا کر گہری مینوفیکچرنگ، مقامی سطح پر پرزہ جات کی تیاری اور ٹیکنالوجی کے انضمام کی طرف لے جائے، اور کہا کہ ایک مستحکم اور باصلاحیت صنعت روزگار، انجینئرنگ اور دفاعی صلاحیتوں کو تقویت دے گی۔ انہوں نے محصولات سے جڑی مشکلات، کاروبار کی بلند لاگت اور خام مال کی صنعتوں کی کمی کو مقامی مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی راہ میں بڑی رکاوٹیں قرار دیا۔
اسلام آباد میں قائم پرائم انسٹیٹیوٹ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر علی سلمان نے “صنعتی مقامی سازی: معاشی اور پالیسی نقطۂ نظر” کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ لوکلائزیشن کو بذاتِ خود مقصد بنانے کے بجائے ایک ذریعہ ہونا چاہیے، اور صنعتی پالیسی کی رہنمائی مسابقت، پیداواریت، جدت اور برآمدی کارکردگی کے اصولوں سے ہونی چاہیے۔ انہوں نے تجارتی کشادگی، منڈی میں مسابقت اور عالمی ویلیو چینز میں شمولیت کی حمایت کی اور حد سے زیادہ تحفظ پسندی کے خلاف خبردار کیا۔ خطے کی مثالوں کو سامنے رکھتے ہوئے انہوں نے لوکلائزیشن کے حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کرنے اور برآمدات پر مبنی صنعتی پالیسی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
لمز لاہور کے ٹیکنالوجی فار پیپل انیشی ایٹو کے ڈائریکٹر جناب عثمان خان نے “پالیسی سے پیداوار تک: پاکستان میں قابلِ پیمائش مینوفیکچرنگ صلاحیت کی تعمیر” کے عنوان پر گفتگو کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صنعتی پالیسی کی توجہ قابلِ پیمائش صلاحیتوں پر مرکوز ہونی چاہیے، جن میں قدر میں اضافہ، پیداواریت، ٹیکنالوجی کے حصول اور انسانی سرمایہ شامل ہیں۔ انہوں نے معاشی پابندیوں، سرکاری سرمایہ کاری کی کمی، ضابطہ جاتی بوجھ اور مہارتوں کے فقدان کو اہم رکاوٹیں قرار دیا، اور پالیسیوں کے تسلسل، ادارہ جاتی اصلاحات اور حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط تعاون پر زور دیا۔
اختتامی کلمات میں کَیس لاہور کے صدر ایئر مارشل عاصم سلیمان (ریٹائرڈ) نے ایک ایسی مربوط صنعتی حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیا جس کی بنیاد قابلِ پیمائش مقامی پیداوار سازی، تکنیکی ترقی، بارآوری اور ہنرمند انسانی سرمائے پر ہو۔ انہوں نے پالیسی کے تسلسل، اداروں کے درمیان ہم آہنگی، سرکاری سرمایہ کاری اور حکومت، صنعت اور جامعات کے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مقامی پیداوار کی اس اسٹریٹجک اہمیت کی بھی نشاندہی کی جو معاشی استحکام کو مضبوط بنانے، بیرونی انحصار کو کم کرنے اور دفاعی تیاری کو سہارا دینے میں کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ کی خدمات کا بھی اعتراف کیا، جنہوں نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک جیسے اقدامات کے ذریعے، فضائی جنگی صلاحیت اور مقامی صنعتی ترقی کو فروغ دیا، جو مئی ۲۰۲۵ میں پاکستان کی فتح کا سبب بنے۔
سیمینار کا اختتام ایک مکالماتی نشست پر ہوا، جس میں شرکاء نے اسمبلی اور مینوفیکچرنگ میں درپیش چیلنجز، صنعتی مصنوعات کے معیار، سول اور عسکری شعبوں کے تعاون، معیاری تعلیم میں موجود خلا اور پاکستان کے لیے آگے بڑھنے کے راستے پر تبادلۂ خیال کیا۔
