ہومبریکنگ نیوزآزاد کشمیر حکومت کا 15 ارب روپے کے 100 روزہ ترقیاتی پلان کے تحت متعدد منصوبوں کا اعلان

آزاد کشمیر حکومت کا 15 ارب روپے کے 100 روزہ ترقیاتی پلان کے تحت متعدد منصوبوں کا اعلان

مظفرآباد (آئی پی ایس )حکومت آزاد کشمیر نے 15 ارب روپے مالیت کے 100 روزہ ترقیاتی پلان سمیت متعدد منصوبوں کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، سیاحت، روزگار، ڈیجیٹل گورننس، ماحولیات اور سماجی بہبود کے شعبوں میں متعدد منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

حکومتی وزرا نے مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 100 روزہ پلان کے تحت شروع کیے جانے والے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پریس کانفرنس میں وزرا ڈاکٹر مصطفی بشیر، کرنل (ر) وقار احمد نور، سردار عمیر نعیم، چوہدری عبدالرحمن، راجہ ریاست، اراکین اسمبلی چوہدری محمد رزاق اور سحرش قمر، سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عامر لطیف شریک ہوئے۔

پلان کے تحت صحت کے شعبے میں صحت کارواں، صحت سہولت اور ضروری ادویات پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ صحت کارواں پروگرام کے تحت دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 70 موبائل اسپتال یونٹس فراہم کیے جائیں گے، جبکہ صحت سہولت پروگرام کے تحت 20 ماڈل بنیادی مراکز صحت اور 10 ماڈل رورل ہیلتھ سینٹرز قائم ہوں گے۔

تینوں ڈویژنز کے تحصیل ہیڈکوارٹرز میں آپریشن تھیٹرز اور نرسری یونٹس قائم کرنے کے علاوہ ضلعی اور ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتالوں کی اپ گریڈیشن بھی پلان میں شامل ہے۔ ضروری ادویات پروگرام کے تحت بڑے اسپتالوں میں ادویات، ایمرجنسی سروسز اور ڈائیلاسز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس کے علاوہ کوٹلی، راولاکوٹ اور بھمبر میں کیتھ لیبز جبکہ مظفرآباد، کوٹلی اور میرپور میں اسٹروک سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ باغ میں محمد نواز شریف جدید کارڈیک اسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔

تعلیم کے شعبے میں درسگاہ پروگرام کے تحت اسکولوں سے باہر بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ اسکولوں میں سیلولر بائیومیٹرک حاضری نظام نافذ کرنے اور فرنیچر فراہم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔آزاد کشمیر میں 5 دانش اسکولوں کی تعمیر اور مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کے قیام کے علاوہ روشن مستقبل پروگرام کے تحت نواز شریف اسکول آف ایمننس کے قیام کے لیے کنسلٹنسی سروسز بھی فراہم کی جائیں گی۔ ہونہار طلبہ کے لیے کامیاب اسکالرشپ پروگرام اور قائداعظم اسکالرشپ پروگرام شروع کیے جائیں گے، جبکہ اے جے کے لیپ ٹاپ پروگرام کے پہلے مرحلے میں میرٹ کی بنیاد پر پانچ ہزار لیپ ٹاپ تقسیم ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔