ہومپاکستانAKRSPکے زیر اہتمام غذر پریس کلب کے صحافیوں کے لئے منعقدہ دو روزہ ٹریننگ اختتام پزیر

AKRSPکے زیر اہتمام غذر پریس کلب کے صحافیوں کے لئے منعقدہ دو روزہ ٹریننگ اختتام پزیر

غذر(رحمت ولی )آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے زیراہتمام غذر پریس کلب کے صحافیوں کے لئے منعقدہ دو روزہ ٹریننگ کا آج اختتام ہوا۔ ایونٹ کے مہمانِ خصوصی ممبر گلگت بلتستان اسمبلی جناب نواز خان ناجی تھے جبکہ میرِ محفل ممبر گلگت بلتستان اسمبلی جناب ایوب شاہ تھے۔ ایونٹ میں سابق نگران وزیرِ تعلیم اور ایم آئی ای ڈی کے ڈائریکٹر جناب عبدل جہان، قائم مقام ڈپٹی کمشنر غذر غضنفر علی، ایس پی غذر شاہ میر خالد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر سراج افضل چوہدری، ڈسٹرکٹ میڈیکل افیسر ڈاکٹر محمد بیگ، پرنسپل انٹر کالج برائے خواتین ساجدہ بانو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیت المال دیدار علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی آئی ایس پی افضل آمان، مجسٹریٹ پونیال محمد عاقب کے علاوہ صحافیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر تعلیم نے اے کے آر ایس پی کی عوامی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جدید زمانے کے تناظر میں اے کے آر ایس پی جن جدید اصلاحات کو متعارف کروا رہا ہے ، وہ قابلِ تحسین ہیں۔

ممبر گگت بلتستان محمد ایوب شاہ نے کہا کہ اے کے آر ایس نے اسی کی دھائی میں منقسم لوگوں کو متحد کیا جو کہ اے کے آر ایس پی کا سب سے اھم کارنامہ ہے ۔ انہوں نے صحافیوں کی استعدادی صلاحیتوں کو بڑھانے پر اے کے آر ایس پی کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اے کے آر ایس پی ایک توانا سول سوسائٹی کے قیام میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

ممبر گلگت بلتستان اسمبلی نواز خان ناجی نے کہا کہ اے کے آر ایس پی نے پسے ہوئے لوگوں کو منظم کیا اور یہ لوگوں پر اے کے ار ایس پی کا احسان ہے ۔ انہوں نے غذر پریس کلب اور اے کے آر ایس کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اس ٹریننگ کے بعد غذر کے صحافی مزید فعال طریقے سے مختلف ایونٹس کی رپورٹنگ کرنے کے قابل ہوں گے ۔

اے کے آر ایس پی کے کمیونیکشن مینیجر مصطفی کمال نے اے کے آر ایس پی کی چالیس سالہ خدمات پہ بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ایک توانا میڈیا کا معاشرے میں مثالی کردار ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو تین سالوں سے ھم نے پریس کلبز کے ساتھ ایک پائیدار رشتے کو پروان چڑھانےکی کوشش کی ہے اور اس ضمن میں ھم نے گلگت پریس کلب ، غذر پریس کلب، اور چترال پریس کو مختلف حوالوں سے سپورٹ کیا ہے۔ کچھ نئے پریس کلبز کی تعمیر و ترقی میں بحیثیت ادارہ اے کے آر ایس پی اپنا بھرپور حصہ ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں ھم نے میڈیا کے ساتھ ملکر خواتین کی سیاسی، سماجی، اور اقتصادی ترقی میں شمولیت کے حوالے سے میڈیا کے ساتھ اپنا تعلق برقرار رکھا اور کئی میڈیا ٹاک شوز کا انعقاد کروایا۔ اس حوالے سے ھم نے ضلعی ارٹس کونسلز کے ساتھ ملکر مقامی لکھاریوں اور فنکاروں کی مدد سے ڈرامے بھی تیار کروائے۔

انہوں نے کہا کہ ابھرتے ہوئے میڈیا انفلوانسرز کے ساتھ ھم نے تعاون کیا اور انکی ٹریننگ کروائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان اور چترال میں پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر خواتین کی آواز کو اگے لانے میں ھم کام کر رہے ہیں، اور اس سلسلے میں چترال پریس کلب کے اندر وویمن رپورٹنگ ڈیسک کا قیام بھی گزشتہ دنوں عمل میں لایا گیا جسکا خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے میں ایک نہایت اھم کردار ادا ہو گا۔ اس کے علاوہ ھم مختلف ٹریننگز کا انعقاد کروا رہے ہیں جو میڈیا کے اندر خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر صدر پریس کلب ضلع غذر یعقوب طائی نے اے کے آر ایس پی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ مستقبل میں بھی اے کے آر ایس پی اور پریس کا تعلق برقرار رہے گا۔

تقریب کے اختتام پر ضلع غذر کے اندر صحافتی میدان میں نمایاں خدمات دینے والے صحافیوں کو ایوارڈز دیئے گئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔