راولپنڈی (سب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی عمران خان کے سابق ترجمان اور وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ جیل کو درخواست دی کہ عمران خان کا بلڈ پریشر انتہائی حد تک بڑھ چکا ہے لہذا ملاقات کرائی جائے اور ساتھ ہی غیرملکی ڈاکٹر سے مشورے کا بھی دعوی کیا ہے۔
عمران خان کے سابق ترجمان فیصل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کے لیے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو درخواست دے دی ہے اور درخواست میں انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق معلومات حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان سے بھی ملی ہیں۔ درخواست میں انہوں نے دعوی کیا ہے کہ رانا ثنا اللہ، نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی سمیت حکومتی کمیٹی کے ارکان نے معلومات کی تصدیق کی ہے، بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر انتہائی حد تک بڑھنے کی اطلاعات ملی ہیں۔
فیصل فرید چوہدری نے درخواست میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے باعث غیر ملکی ڈاکٹر سے مشورہ کیے جانے کی اطلاع ملی ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق معلومات انتہائی سنگین ہیں اور ان معلومات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ سے درخواست کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت، سلامتی اور خیریت جاننے کے لیے فوری ملاقات ضروری ہے۔
عمران خان کا بلڈ پریشر انتہائی حد تک بڑھ چکا، غیرملکی ڈاکٹر سے مشورہ کیے جانے کا دعوی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
