اسلام آباد(آئی پی ایس )ملک کی تاریخ میں پہلی بار آل پاکستان کولڈ اسٹوریج کنونشن اسلام آباد میں کامیابی سے منعقد ہوا۔ اس کنونشن میں ملک بھر سے کولڈ اسٹوریج مالکان اور اسٹیک ہولڈرز ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوئے۔کنونشن کا بنیادی مقصد ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز میں ایک متحدہ باڈی کی رجسٹریشن تھا۔ یہ باڈی پالیسی سازوں سے رابطے کے لیے ایک سرکاری پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی اور کولڈ اسٹوریج انڈسٹری کو درپیش اہم چیلنجز کو اجاگر کرے گی۔
شرکا نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ پالیسی سازوں کے حالیہ فیصلے تازہ اور خراب ہونے والی اشیا کی برآمدی معیشت پر براہ راست اثر انداز ہو رہے ہیں۔ مقررین نے زور دیا کہ اس شعبے سے متعلق کوئی بھی پالیسی حتمی کرنے سے قبل صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کو ضرور شامل کیا جائے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجوزہ چیئرمین ارسلان جاوید نے کہا”ہماری فوری ترجیح ڈی جی ٹی او میں تنظیم کی رجسٹریشن ہے۔ رجسٹریشن کے بعد ہم اس انڈسٹری کو اس کے سب سے مشکل دور سے نکالنے کے لیے کام کریں گے۔ کولڈ اسٹوریج کا شعبہ خوراک کے ضیاع کو روکنے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور پاکستان کی برآمدی معیشت کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
کنونشن میں ملک بھر سے کولڈ اسٹوریج مالکان، برآمد کنندگان، کسانوں کے نمائندوں اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ شرکا نے متفقہ طور پر نئی باڈی کے قیام اور حکومت سے براہ راست مذاکرات کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔ کنونشن کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ نئی باڈی کے قیام کے فورا بعد حکومت کو اہم مسائل پر تجاویز پیش کی جائیں گی۔کنونشن کے دوران نئی باڈی کی تشکیل کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ مجوزہ قیادت میں ارسلان جاوید بطور چیئرمین، انیس الرحمان بطور سینئر وائس چیئرمین، ارشد حسین بطور پنجاب زونل چیئرمین، شاہد حسین سولنگی بطور سندھ زونل چیئرمین، احمد جمشید بطور کے پی کے زونل چیئرمین، ملک شکیل احمد بطور اسلام آباد زونل چیئرمین، وحید آغا بطور بلوچستان زونل چیئرمین اور وقاص شاہد بطور جنرل سیکرٹری شامل ہیں۔
