اسلام آباد(آئی پی ایس) وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ملاقات کی، جس میں ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت منصوبوں کی پیش رفت اور آئندہ کے ترقیاتی اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیراعظم کو ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ان کی موجودہ پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو ان کے ثمرات بروقت پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور پائیدار معاشی ترقی کے حصول کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ باہمی مؤثر رابطے اور بہتر ہم آہنگی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ قومی ترقی کے اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔
ملاقات میں قومی ترقی کے مختلف پہلوؤں، مستقبل کی منصوبہ بندی اور ملک کی معاشی و ترقیاتی حکمت عملی سے متعلق امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
