اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کے لیے ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی جانب سے ایک شاندار تفریح کا اعلان کیا گیا ہے۔
اتوار کی رات 11 بجے ڈی چوک اسلام آباد میں فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میچ کی لائیو سٹریمنگ دکھائی جائے گی، جہاں پاکستان کی سب سے بڑی سکرین پر سپین بمقابلہ ارجنٹائن کا تاریخی ٹکرا دکھایا جائے گا۔ اس موقع پر شہریوں کے لیے مختلف سفری گائیڈ لائنز اور تفریحی سہولیات کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی)نے مشترکہ طور پر شہریوں کو فٹ بال کا عالمی میلہ لائیو دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں ڈی چوک میں پاکستان کی سب سے بڑی سکرین نصب کی جا رہی ہے۔ میچ کی لائیو سٹریمنگ کا باقاعدہ آغاز آج رات 11 بجے ہو جائے گا، جس میں ہزاروں شائقین کی شرکت متوقع ہے۔
یہ اسٹریمنگ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کے لیے ایک بہترین تفریحی موقع ہے جہاں وہ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ فٹ بال کا عالمی فائنل دیکھ سکیں گے۔میچ کو مزید دلچسپ اور یادگار بنانے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے ڈی چوک میں ایک پررونق تقریب کا بھی اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔شہریوں کی تواضع کے لیے مختلف اقسام کے روایتی اور جدید کھانوں کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔ بیٹھنے کے وسیع انتظامات کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈی چوک آمد پر نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔گاڑیوں اور بائیکس کی پارکنگ کے حوالے سے ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کے ٹریفک جام یا پریشانی سے بچا جا سکے۔
فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کا یہ فائنل میچ دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس بار دنیا کی 2 مضبوط ترین ٹیمیں سپین اور ارجنٹائن عالمی ٹرافی کے لیے ایک دوسرے کے سامنے ہوں گی۔ارجنٹائن کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے اور سپین کی ٹیم ایک بار پھر عالمی چیمپیئن بننے کے لیے میدان میں اترے گی۔پاکستان میں فٹ بال کے کروڑوں چاہنے والوں کے جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے دارالحکومت میں اس بڑی سکرین کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ شائقین اسٹیڈیم جیسا ماحول اپنے شہر میں پا سکیں۔
ڈی چوک اسلام آباد میں رات11بجے فیفا ورلڈ کپ فائنل کی لائیو اسٹریمنگ، شہریوں کیلئے زبردست تفریح کا انتظام
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
