اسلام آباد: (سب نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر اسپین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہسپانوی ٹیم کی غیر معمولی کارکردگی، نظم و ضبط، اتحاد اور بہترین ٹیم ورک کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ اسپین نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران اعلیٰ معیار کا کھیل پیش کیا اور اپنی مستحق فتح سے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کے دل جیت لیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تاریخی فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کامیاب انعقاد پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو بھی مبارکباد دی، جبکہ میزبانی میں شاندار شراکت داری پر کینیڈا اور میکسیکو کی حکومتوں اور عوام کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو اور فیفا کی پوری ٹیم کو اس میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت نے فٹبال کو ایک حقیقی عالمی کھیل کے طور پر مزید مضبوط کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ فیفا ورلڈ کپ ایک بار پھر اس حقیقت کا مظہر بنا ہے کہ کھیل ایک ایسی عالمگیر زبان ہے جو سرحدوں، ثقافتوں اور قومیتوں سے بالاتر ہو کر دنیا بھر کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔
