اسلام آباد (سب نیوز)مشرقِ وسطی اور خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے توانائی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جولائی کے لیے مزید مائع قدرتی گیس (ایل این جی)خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس مقصد کے لیے پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل)نے ایک اور اسپاٹ ایل این جی کارگو کی خریداری کا ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔
پی ایل ایل کے مطابق عالمی سپلائرزاورتوانائی کمپنیوں سے 20 جولائی تک بولیاں طلب کی گئی ہیں جبکہ موصول ہونے والی تمام بولیاں اسی روز کھولی جائیں گی۔کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹینڈر 27 سے 28 جولائی کے دوران ایل این جی کی فراہمی کے لیے جاری کیا گیا ہے تاکہ ملک میں گیس کی طلب پوری کرنے اور سپلائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اس سے قبل بھی جولائی کے مہینے کے لیے چار ایل این جی کارگو خرید چکا ہے، تاہم خطے میں جاری کشیدگی، عالمی توانائی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھا اور سپلائی چین سے متعلق خدشات کے باعث حکومت نے مزید ایک کارگو کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔توانائی کے شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطی کی صورتحال کے باعث عالمی ایل این جی مارکیٹ میں غیر یقینی کیفیت برقرار ہے۔جس کے پیش نظر بروقت خریداری پاکستان کے لیے توانائی کے تحفظ اور گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
