ہومتازہ ترینامریکا کا بوشہر میں زیر تعمیر نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملہ خطے کیلئے خطرناک ہے: ایران

امریکا کا بوشہر میں زیر تعمیر نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملہ خطے کیلئے خطرناک ہے: ایران

تہران: (آئی پی ایس) ایران نے کہا ہے کہ امریکا نے بوشہر میں کئی شہری مقامات پر حملہ کیا، زیرتعمیر نیوکلیئر پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا جو خطے کے لیے خطرناک ہے۔
ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ دارخوین میں زیرِ تعمیر جوہری بجلی گھر پر امریکی حملہ ایران کے پُرامن انفراسٹرکچر پر ایک خطرناک حملہ ہے۔

ایکس پر جاری ایک بیان میں کاظم غریب آبادی نے خبردار کیا کہ بڑھتی ہوئی بدامنی اور عدم استحکام کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری مکمل طور پر امریکی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران اس جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے اور اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے دفاع کے لیے مناسب اقدامات کرے گا۔

بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے اعلان کیا تھا کہ اس نے دارخوین میں زیرِ تعمیر جوہری بجلی گھر کی تعمیراتی سائٹ پر ہونے والے مبینہ حملے کی رپورٹس کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

ایجنسی کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ تنصیب ابھی تعمیر کے ابتدائی مراحل میں ہے اور آئی اے ای اے کے آخری معائنے کے وقت وہاں کوئی جوہری مواد موجود نہیں تھا۔

آئی اے ای اے کا کہنا تھا کہ کہ مبینہ حملے سے تابکاری کے کسی خطرے کا امکان نہیں ہے۔

عالمی جوہری ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل ماریانو گروسی نے تمام جوہری تنصیبات کے اطراف فوجی کارروائیوں میں تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کو دہرایا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔