واشنگٹن، تہران: (آئی پی ایس) امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) کی جانب سے مسلسل نویں روز ایران پر حملوں کے دعوے کے ساتھ ہی ایران کے مختلف علاقوں بشمول تبریز، صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک، چابہار اور بوشہر میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے تبریز سے خبر دی ہے کہ شہر کے مغربی حصے کی جانب سے تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، تبریز سے ہولناک آتش زدگی کے مناظر کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے اب تک اس واقعے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
غیر سرکاری ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تبریز میں میزائل اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، ان اڈوں کو اس سے پہلے ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے گزشتہ مرحلے میں بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
دوسری جانب سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے مقامی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ چابہار اور کنارک میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ صوبہ بوشہر کے شہر خورموج میں پاسدارانِ انقلاب کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
بعدازاں سینٹکام نے بتایا کہ امریکی فوج نے ایران کے خلاف مسلسل نویں رات حملے مکمل کرلیے جس میں میزائل و ڈرون لانچ سائٹس کونشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سینٹکام کے مطابق امریکی فورسز نے ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاع اور ساحلی نگرانی کے مقامات، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس اور مواصلاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا۔
بیان میں کہا گیا کہ ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔
امریکی فوج کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر ایران کو جواب دہ ٹھہرا رہی ہے۔ سینٹکام کی فورسز بدستور انتہائی چوکس، اپنے مشن پر مرکوز، مہلک کارروائی کے لیے تیار اور مکمل طور پر مستعد ہیں۔
