ہومپاکستانخیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن نے حکومت کو 15 روز کی مہلت دے دی

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن نے حکومت کو 15 روز کی مہلت دے دی

اسلام آباد(آئی پی ایس) خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی۔

سماعت کے دوران چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، سیکرٹری بلدیات اور محکمہ شماریات کے حکام الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

سیکرٹری بلدیات نے بتایا کہ 15 اضلاع کے نقشہ جات اور دیگر مطلوبہ مواد ادارہ شماریات کی جانب سے فراہم کر دیا گیا ہے۔
اس پر الیکشن کمیشن کے اراکین نے استفسار کیا کہ مطلوبہ مواد کی فراہمی میں تاخیر کیوں کی گئی۔ سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے درخواست کی کہ ادارہ شماریات کو ہدایت دی جائے کہ آئندہ صوبائی حکومت یا الیکشن کمیشن کی جانب سے نقشہ جات طلب کیے جائیں تو انہیں فوری فراہم کیا جائے۔

سماعت کے دوران “کے پی” کا مخفف استعمال کرنے پر ممبر خیبر پختونخوا جسٹس (ر) اکرام اللہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا پنجاب کو “پی”، بلوچستان کو “بی” اور سندھ کو “ایس” کہا جاتا ہے؟ خیبر پختونخوا کو “کے پی” نہ کہیں بلکہ اسے اس کے مکمل نام سے پکارا جائے۔

چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ حکومت نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، تاہم بلدیاتی قانون میں ترامیم کی جا رہی ہیں اور یہ معاملہ اس وقت صوبائی کابینہ کے پاس ہے۔

اس پر الیکشن کمیشن کے رکن نے سوال کیا کہ کیا حکومت قانون میں تبدیلی کر رہی ہے؟ چیف سیکرٹری نے جواب دیا کہ جی، بلدیاتی قانون میں ترامیم کی جا رہی ہیں، لہٰذا الیکشن کمیشن اس حوالے سے مزید وقت دے۔

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت کو 15 روز کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28 جولائی تک ملتوی کر دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔