اسلام آباد (سب نیوز): پرتگال کے معروف گٹارسٹ پیڈرو جویا 15 سے 23 نومبر 2026 تک پاکستان کے دورے پر آئیں گے، جہاں وہ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور فیصل آباد میں خصوصی میوزیکل کنسرٹس پیش کریں گے۔
پاکستان میں پرتگال کے سفارت خانے کے مطابق اس دورے کا مقصد پرتگالی ثقافت اور موسیقی کو پاکستانی عوام سے متعارف کرانا اور موسیقی کی عالمی زبان کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط اور دوستی کو مزید فروغ دینا ہے۔
پیڈرو جویا اپنے منفرد فنکارانہ انداز اور پرتگالی گٹار کی دلفریب دھنوں کے ذریعے پرتگال کے ثقافتی ورثے، موسیقی کی خوبصورتی اور تنوع کو پاکستانی شائقین کے سامنے پیش کریں گے۔
اس میوزیکل ٹور کا اہتمام اسلام آباد میں پرتگال کے سفارت خانے نے مقامی شراکت داروں کے تعاون سے کیا ہے، جن میں کراچی آرٹس کونسل، لاہور جاز فیسٹیول، سرینا ہوٹل اور فلیئر گروپ آف کمپنیز شامل ہیں۔
اس اقدام کو کیموئش انسٹی ٹیوٹ برائے تعاون و زبان کی مالی معاونت حاصل ہے، جبکہ ایمریٹس اس دورے کا ٹریول پارٹنر ہے۔
پرتگالی سفارت خانے نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ میوزیکل کنسرٹس پاکستان بھر کے شائقین کے لیے یادگار ثابت ہوں گے اور پاکستان و پرتگال کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
سفارت خانے کے مطابق ہر کنسرٹ کے مقام، اوقات اور ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات اور مزید معلومات آئندہ جاری کی جائیں گی۔
پاکستان اور پرتگال موسیقی اور ثقافت کے ذریعے دوستی کے رشتے میں منسلک ہیں۔
