اسلام آباد(آئی پی ایس ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر محمد زکریا اکبر ضیا نے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد کے ہمراہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے بزنس فسیلیٹیشن سینٹر اسلام آباد کا دورہ کیا،
انہیں سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی، نئے کاروباری منصوبوں کے فروغ اور ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل کے حوالے سے سینٹر کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر سینٹر کے سربراہ سلمان ملک اور ان کی ٹیم نے وفد کو ادارے کے طریقہ کار اور مختلف حکومتی محکموں کو ایک ہی چھت تلے یکجا کرکے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
