کراچی(سب نیوز ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز اتار چڑھا کے بعد مندی کا رجحان غالب رہا اور کے ایس ای-100 انڈیکس 79 ہزار 944پوائنٹس پر بند ہوا۔
سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں سے متعلق محفوظ شدہ عدالتی فیصلے کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کے محتاط طرز عمل اور حصص کی وسیع پیمانے پر آف لوڈنگ کے سبب پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر رونما ہونے والی تیزی اتارچڑھاو کے بعد مندی میں تبدیل ہوگئی۔اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے سبب 55 اعشاریہ18 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 23 ارب 26کروڑ 75 لاکھ 38ہزار 902 روپے ڈوب گئے۔
اس سے قبل کاروبار آغاز عالمی مالیاتی ادارے کی مطلوبہ شرائط من وعن پوری ہونے کے بعد رواں ماہ کے اختتام تک پاکستان کے لیے بیل آٹ پیکج ملنے کی توقعات پر 329 پوائنٹس کی تیزی سے ہوا، جس سے انڈیکس کی 80 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی بحال ہوگئی تھی۔مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 48اعشاریہ26 پوائنٹس کی کمی سے 79 ہزار 944اعشاریہ10 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔