اسلام آباد:سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے سوشل میڈیا پر خود سے متعلق بیان پر جواب دیا ہے۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا پاکستان کے پاس کوئی آپشن بی نہیں ہے، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) آخری آپشن ہے، جو آپشن بی کی بات کرتے ہیں وہ غلط بات کرتے ہیں۔سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا جب کوئی پیسے نہیں دیتا تو سب آئی ایم ایف کے پاس ہی جاتے ہیں۔
وزیر دفاع کے خود سے متعلق بیان پر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا خواجہ آصف کی عزت کرتا ہوں، انہوں نے سیاسی کیرئیر میں میری بڑی مدد کی ہے۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا خواجہ آصف کے ٹوئٹ پر میں نے ان کو پرائیویٹ میں جواب دیا ہے، اسلام آباد میں ان سے ملاقات کروں گا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر مفتاح اسماعیل کیلیے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ سوشل میڈیا پر پاکستانی معیشت سے متعلق مفتاح اسماعیل کے تبصرے سننے کو ملتے رہتے ہیں، مفتاح اسماعیل کی قابلیت مسلمہ ہے اور پارٹی ان کے علم سے براہ راست استفادہ کر سکتی ہے لیکن ملک کا معاشی عدم استحکام اس وقت ان کی میڈیا پر نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
