واشنگٹن (سب نیوز)امریکا نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اپنے شہریوں کے لیے دنیا بھر میں سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطی کی صورتحال کسی بھی وقت غیر متوقع طور پر مزید سنگین رخ اختیار کر سکتی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کے دوران غیر معمولی احتیاط برتیں، تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھیں اور قریبی امریکی سفارت خانوں یا قونصل خانوں کی ہدایات پر عمل کریں۔
محکمہ خارجہ کے مطابق مشرق وسطی میں بڑھتے ہوئے تنا وکے باعث پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی عارضی بندش اور بین الاقوامی سفر میں رکاوٹوں کا خدشہ موجود ہے۔ امریکی حکام نے خبردار کیا کہ ایران کے حامی گروہ دنیا کے مختلف حصوں میں امریکی مفادات، سفارتی تنصیبات یا امریکی شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔یہ انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب امریکی سینٹرل کمانڈ نے تصدیق کی کہ اردن میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران 2 امریکی فوجی ہلاک جبکہ ایک لاپتا ہو گیا، جس کے بعد امریکا نے ایران میں نئے فضائی حملے بھی کیے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد ایرانی پاسداران انقلاب کی ان تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا جو امریکی فوجیوں پر حملوں میں ملوث تھیں۔
