ابوظہبی: (سب نیوز) متحدہ عرب امارات نے گزشتہ چند روز کے دوران خطے میں رونما ہونے والی پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں فوری طور پر کمی لانے اور خطے میں تناؤ و عدم استحکام کو مزید بڑھنے سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ انتہائی تحمل اور ضبط و برداشت کا مظاہرہ کریں تاکہ خطرناک نتائج سے بچا جا سکے اور خطہ تشدد اور عدم استحکام کی نئی سطحوں کی جانب جانے سے محفوظ رہے۔
امارات نے فوری طور پر دشمنی کے خاتمے اور مذاکرات کی جانب تیزی سے واپسی پر زور دیتے ہوئے آبنائے ہرمز میں محفوظ اور بلا تعطل بحری آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے، اور اسے عالمی معیشت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے واضح کیا کہ خطے میں شہری بنیادی ڈھانچے اور شہری تنصیبات، جن میں اسکول، جامعات، اسپتال، پانی صاف کرنے کے پلانٹس، توانائی کی تنصیبات، ٹرانسپورٹ مراکز اور رہائشی علاقے شامل ہیں، کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کے مسلمہ اصولوں اور دفعات کی کھلی اور سنگین خلاف ورزی ہے، جسے کسی بھی صورت قبول یا جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
