اسلام آباد (ایڈیٹر انوسٹی گیشن) وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے سیکٹر ڈی تیرہ /تھری میں پلاٹوں کی آلاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے،ذرائع کے مطابق ادارے کے بااثر مافیا نے معاملے کی انکوائری دبا دی،ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کے سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ نے چند ماہ قبل چند پلاٹس کی شکایات پر انکوائری کی تھی جس کے بعد یہ انکشاف سامنے آیا کہ سیکٹر ڈی تیرہ /تھری کے سب سیکٹرتھری کے سات پلاٹس کی دستاویزات درست نہیں ، ان سات پلاٹس میں سے 3 پلاٹس ایسے بھی پکڑے گئے جن کی زمین ہی موجود نہیں ہے ۔
سیکٹر ڈی تیرہ / تین کے پلاٹس نمبر 3,5اور 7 کے ریونیو ریکارڈ کے مطابق زمین کا ریکارڈ دستیاب نہیں ہے، ابتدائی انکوائری رپورٹ کے بعد سابق ممبر اسٹیٹ نوید الہی نے درج بالا فائلز پر باضابط انکوائری کے احکامات جاری کیے تھے تاہم بااثر شخصیات نے سیکٹر ڈی تیرہ تین کے سات پلاٹس کی انکوائری کو کونفیڈینشل ڈیپارٹمنٹ میں سرد خانے میں ڈال دیا،، باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ درج بالا پلاٹس کی انکوائری مکمل نا ہونے باعث متعلقہ پلاٹس کی خرید و فروخت بھی کی جا چکی ہے۔
