اسلام آباد،افغان کھلاڑیوں کی ذہنی صحت اور کابل کے موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سری لنکا میں کھیلے جانے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریزموخر کر دی گئی ہے۔ اب اسے 2022 میں پلان کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے درخواست کی کہ تین ستمبر سے شروع ہونے والی پاک افغان کرکٹ سیریز کو 2022تک ملتوی کر دیا جائے۔ اس سیریز کے سلسلے میں تینوں میچ سری لنکا کے جنوبی صوبے ہامبانتوتا میں کھیلے جانا تھے۔قبل ازیں افغان کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ یہ سیریز پروگرام کے مطابق کھیلی جائے گی جبکہ افغان قومی کرکٹ ٹیم نے طالبان کے قبضے کے بعد بھی کابل کے اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا تھا۔کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر افراتفری اور مسافر پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے افغان کرکٹ بورڈ نے پلان بی کے تحت منصوبہ بنایا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پہلے پاکستان جائیں گے، جہاں سے وہ دبئی کے رستے سری لنکا جائیں گے۔تاہم افغانستان کی موجودہ صورتحال اور سری لنکا میں کوروناکے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں افغان کرکٹ بورڈ نے اس سیریز کو مخر کرنے کی درخواست کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان کے مطابق افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد افغان کھلاڑیوں کی ذہنی صحت، کابل میں مسافر پروازوں کی منسوخ اور سری لنکا میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ اس سیریز کو مخر کرنے کی وجہ بنا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں تصدیق کی ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر اس سیریز کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک اب دو ہزار بائیس میں اس سیریز کو کرانے کی کوشش کریں گے۔
