اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں اور خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری مشترکہ بیان میں 8 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ غزہ میں طبی مراکز، صحت کے بنیادی ڈھانچے، شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا اور خواتین و بچوں سمیت عام شہریوں کی مسلسل ہلاکتیں بین الاقوامی قانون، بالخصوص انسانی ہمدردی کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کا تسلسل بین الاقوامی قانون کے تحت اسرائیل کی ذمہ داریوں کی واضح خلاف ورزی ہے اور غزہ تنازع کے خاتمے کے جامع منصوبے پر عمل درآمد کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
وزرائے خارجہ نے کہا کہ یہ صورتحال سیاسی عمل کو متاثر کرسکتی ہے، کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے اور غزہ میں پہلے سے موجود انسانی بحران کو مزید سنگین بنا سکتی ہے۔مشترکہ بیان میں شہریوں کے تحفظ، طبی مراکز، صحت اور انسانی امداد سے وابستہ کارکنوں کے تحفظ اور غزہ بھر میں فوری، محفوظ اور بلا رکاوٹ انسانی امداد، طبی سامان اور ضروری اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔8 ممالک نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی اقدامات کو مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاروں کے حملوں، غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور مقبوضہ بیت المقدس کی صورتحال تبدیل کرنے کی یکطرفہ کوششوں سے الگ نہیں دیکھا جاسکتا۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ تمام اقدامات طاقت کے ذریعے حقائق تبدیل کرنے کی منظم پالیسی کا حصہ ہیں، جو 2 ریاستی حل کی بنیادوں کو نقصان پہنچاتے اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کو نظر انداز کرتے ہیں۔وزرائے خارجہ نے عالمی برادری، خصوصا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے، اسرائیل کو بین الاقوامی قانون اور انسانی ہمدردی کے قوانین کی پاسداری پر مجبور کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے اور سنگین خلاف ورزیوں کے ذمہ دار افراد کا احتساب یقینی بنائے۔بیان میں کہا گیا کہ ایسے اقدامات کا مقصد شہریوں کا تحفظ، معاہدے پر عمل درآمد کے امکانات کو برقرار رکھنا اور مستقل جنگ بندی کا حصول ہونا چاہیے۔
8 اسلامی ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے الحاق، ان پر اسرائیلی خودمختاری مسلط کرنے اور فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ منصفانہ اور جامع امن کا واحد راستہ ایک سنجیدہ سیاسی عمل ہے۔مشترکہ بیان میں 2 ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام 1967 کی سرحدوں کے مطابق ہونا چاہیے، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔
پاکستان سمیت 8عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کاغزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں پر مشترکہ اعلامیہ جاری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
