دبئی(سب نیوز) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)نے ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ 2026 کا مکمل شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔ براعظمی ٹورنامنٹ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ 2026 کے لیے ٹیموں کو2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں دفاعی چیمپیئن بھارت، پاکستان، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلادیش، انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 28 اگست کو تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے تمام 15 میچز اسی میدان میں ہوں گے، جبکہ فائنل 13 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان ویمن ٹیم اپنی ایشیا کپ مہم کا آغاز یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی، جبکہ قومی ٹیم کا سب سے اہم مقابلہ روایتی حریف بھارت کے خلاف 5 ستمبر کو ہوگا۔ پاکستان گروپ مرحلے کا آخری میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا۔شیڈول کے مطابق گروپ مرحلے میں ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر تین ٹیموں کے خلاف میچ کھیلے گی، جس کے بعد دونوں گروپس کی سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ پہلا سیمی فائنل 10 ستمبر کو جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ 2026 کا فائنل 13 ستمبر کو ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں 28 اگست کو تھائی لینڈ کا مقابلہ ہانگ کانگ سے، 29 اگست کو سری لنکا کا مقابلہ متحدہ عرب امارات سے، 30 اگست کو بھارت کا مقابلہ تھائی لینڈ سے اور 31 اگست کو بنگلادیش کا مقابلہ انڈونیشیا سے ہوگا۔یکم ستمبر کو پاکستان اور تھائی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے، 2 ستمبر کو سری لنکا اور انڈونیشیا، 3 ستمبر کو بھارت اور ہانگ کانگ جبکہ 4 ستمبر کو متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا کی ٹیمیں مقابلہ کریں گی۔5 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ کھیلا جائے گا، جبکہ 6 ستمبر کو سری لنکا اور بنگلادیش، 7 ستمبر کو پاکستان اور ہانگ کانگ اور 8 ستمبر کو بنگلادیش اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
گروپ مرحلے کے بعد پہلا سیمی فائنل 10 ستمبر کو گروپ اے کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم اور گروپ بی کی دوسری پوزیشن والی ٹیم کے درمیان ہوگا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 ستمبر کو گروپ اے کی دوسری پوزیشن والی ٹیم اور گروپ بی کی پہلی پوزیشن والی ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا فائنل 13 ستمبر کو ہوگا۔
ویمنز ٹی 20ایشیا کپ 2026 کا شیڈول جاری، پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
