اسلام آباد (سب نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان نے یکم اکتوبر 2026 سے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر جہانزیب شنواری کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق جہانزیب شنواری کی تقرری کی سفارش سلیکشن کمیٹی نے کی جس نے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد انہیں اس منصب کے لیے منتخب کیا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے مجموعی طور پر 80 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔
سلیکشن کمیٹی جس میں جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل حیات علی شاہ شامل تھے نے امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرنے کے بعد ان کے تفصیلی انٹرویوز کیے۔اعلامیے کے مطابق جہانزیب شنواری اس سے قبل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی، پشاور کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جہانزیب شنواری بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سول اور کمرشل ثالث (میڈی ایٹر)بھی رہے ہیں اور یو این ڈی پی، یو این ویمن اور یورپی یونین کے زیر اہتمام مختلف بین الاقوامی فورمز میں پاکستان کی نمائندگی اور شرکت کر چکے ہیں۔
فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے نئے ڈائریکٹر جنرل مقرر، جہانزیب شنواری یکم اکتوبر سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
