نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان اور دبئی کی حکومت نے مواصلات، ریلوے اور بحری امور کے شعبوں میں تعاون کیلئے بین الحکومتی فریم ورک معاہدوں پر دستخط کر دیئے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کی تزویراتی اہمیت پر زور دیا جو مشترکہ ثقافتی ورثے اور مشترکہ مفادات سے جڑے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی رابطوں سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کی قیادت اور عوام کیلئے انتہائی احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور سعودی وزیرخارجہ نے ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات علاقائی استحکام کا ذریعہ ہیں۔
