اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے عازمین حج کی سہولت کے لیے پاک حج ایپ اور حج پورٹل پر متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کے ذریعے عازمین کو حج انتظامات سے متعلق کئی امور گھر بیٹھے انجام دینے کی سہولت حاصل ہوگئی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق عازمین حج اب گھر بیٹھے اپنے حج پیکیج کے دورانیے اور رہائش میں ترمیم کرسکتے ہیں۔ عازمین کو ٹو بیڈ، تھری بیڈ، فیملی روم یا شیئرنگ رہائش کے انتخاب کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اسی طرح لانگ حج پیکیج کو شارٹ اور شارٹ حج پیکیج کو لانگ میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی پاک حج ایپ پر دستیاب ہے۔ کسی مجبوری کی صورت میں حج درخواست منسوخ کرکے رقم کی واپسی کے لیے بھی ایپ کے ذریعے درخواست دی جاسکتی ہے۔
وزارت کے مطابق عازمین حج پاک حج ایپ سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا پرنٹ حاصل کرکے مجاز ڈاکٹر سے اس کی تصدیق کروائیں گے۔ تصدیق شدہ فٹنس سرٹیفکیٹ کو دوبارہ پاک حج ایپ یا حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔ سمندر پار پاکستانی بھی اپنے قریبی ڈاکٹر سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرکے ایپ پر اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔
کامیاب عازمین حج کو ہارڈشپ کوٹہ کے تحت اپنے محرم یا ہیلپر کی درخواست دینے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ حج انتظامات سے متعلق متعدد سہولیات اب عازمین کو گھر بیٹھے دستیاب ہیں، جس سے انہیں دفاتر کے چکر، قطار اور انتظار کی زحمت سے بچایا جا سکے گا۔
دوسری جانب نیشنل آئی ٹی بورڈ کے ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ بھی جاری ہے۔ وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج پورٹل سے باہر پرائیویٹ حج کی بکنگ یا ادائیگی کی اجازت نہیں ہے۔
وزارت کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے تحت اب تک 26 ہزار درخواستیں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 45 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔ عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ حج سے متعلق سہولیات اور بکنگ کے لیے صرف مجاز ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال کریں۔
