ہومبریکنگ نیوزپاکستان اور اٹلی کا ماربل سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور برآمدات بڑھانے کے لیے تعاون پر اتفاق

پاکستان اور اٹلی کا ماربل سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور برآمدات بڑھانے کے لیے تعاون پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے کامرس، صنعت و پیداوار رانا احسان افضل نے پاکستان کے ماربل سیکٹر کی ترقی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کی غرض سے اٹلی کے وفد کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری صنعت احسان علی منگی، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و پیداوار حمیرا ضیا مفتی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان اسٹون ڈیولپمنٹ کمپنی (پاسڈیک)اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان کی ماربل انڈسٹری کی ترقی، جامع ماربل پالیسی کی تشکیل، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، جدید مائننگ تکنیک متعارف کرانے، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور اس شعبے کی پیداواری صلاحیت و برآمدات بڑھانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر رانا احسان افضل نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن اور ہدایات کے مطابق حکومت ماربل انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کی وسیع تر معاشی و برآمدی استعداد سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے مثر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے ماربل سیکٹر کی ترقی کے لیے وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی کاوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس صنعت کو جدید، مسابقتی اور برآمدات پر مبنی شعبے میں تبدیل کرنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے۔رانا احسان افضل نے زور دیا کہ حکومت صنعت کو درپیش مسائل کے حل اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کی غرض سے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے وسیع مشاورت کے ذریعے ایک قابلِ عمل اور جامع ماربل پالیسی مرتب کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ماربل سیکٹر میں بے پناہ استعداد موجود ہے، جس سے جدید مائننگ تکنیک، جدید مشینری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے ذریعے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویلیو ایڈیشن، پراسیسنگ کی بہتر سہولیات اور عالمی معیار کے مطابق مصنوعات کی تیاری پاکستان کا عالمی ماربل مارکیٹ میں حصہ بڑھانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی ترجیح خام مال کی برآمد سے آگے بڑھ کر اعلی معیار کی ویلیو ایڈڈ ماربل مصنوعات کی تیاری اور برآمدات کو فروغ دینا ہے، جس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع پیدا اور صنعتی بنیاد کو مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اٹلی کے ساتھ ٹیکنالوجی، فنی مہارت، جدید پراسیسنگ طریقوں اور اسکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون پاکستان کی ماربل انڈسٹری کی تبدیلی اور عالمی سطح پر مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔اطالوی وفد نے پاکستان کے ماربل سیکٹر میں موجود وسیع امکانات کا اعتراف کرتے ہوئے اس اہم شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔
وفد نے ماربل انڈسٹری کو جدید بنانے کے لیے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور استعداد کار بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔دونوں فریقین نے دوطرفہ صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، پیداواری معیار میں بہتری اور برآمدی مواقع بڑھانے کے لیے باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اجلاس کے اختتام پر اس مشترکہ اتفاق کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان مضبوط تعاون صنعتی اشتراک، سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ماربل سیکٹر کی پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔حکومت ٹیکنالوجی کے فروغ، ویلیو ایڈیشن، اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور عالمی معیار سے ہم آہنگی کے ذریعے ملکی ماربل انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ برآمدات میں اضافہ اور عالمی ماربل مارکیٹ میں پاکستان کی مسابقتی حیثیت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔