ہومتازہ ترینآئی سی سی آئی کا ٹیکنالوجی کمپنیوں، اسٹارٹ اپس اور تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک بڑھانے کا عزم

آئی سی سی آئی کا ٹیکنالوجی کمپنیوں، اسٹارٹ اپس اور تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک بڑھانے کا عزم

اسلام آباد(سب نیوز) صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی، جدت اور ڈیجیٹل مہارتیں معاشی ترقی، کاروباری مسابقت اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے بنیادی عوامل بن چکی ہیں۔ پاکستان بالخصوص اسلام آباد میں باصلاحیت نوجوانوں، آئی ٹی پروفیشنلز اور بڑھتے ہوئے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی صورت میں ٹیکنالوجی کا بڑا پوٹینشل موجود ہے، جس سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے جدید تربیت اور عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینا ہوگا۔ڈیو اوپس ڈیز اسلام آباد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کلاڈ نیٹو اسلام آباد اور کلاڈ نیٹو سکیورٹی پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیو اوپس، کلاڈ ٹیکنالوجیز، سائبر سکیورٹی، پلیٹ فارم انجینئرنگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس اب محض تکنیکی شعبے نہیں بلکہ جدید کاروباری ماحول کی بنیادی ضروریات ہیں۔ ایم ایل اوپس اور ایجنٹک اے آئی جیسی جدید ٹیکنالوجیز بھی کاروبار، صنعت، تعلیم اور گورننس میں نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اب کاروباری اداروں کے لیے اختیاری نہیں بلکہ بقا اور ترقی کی ضرورت ہے۔ اداروں کو کلاڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت اپناتے ہوئے اپنی کارکردگی اور عالمی مسابقت بہتر بنانا ہوگی۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کے عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر ٹیکنالوجی کمپنیوں، اسٹارٹ اپس، تعلیمی اداروں اور متعلقہ تنظیموں کے اشتراک سے ڈیجیٹل معیشت اور نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی محمد اشفاق حسین چٹھہ نے اپنے پیشہ ورانہ سفر اور کامیابی کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ محنت، مستقل مزاجی، عزم اور جدوجہد کامیابی کی بنیادی شرائط ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مقاصد پر توجہ مرکوز رکھیں، مشکلات کا حوصلے سے مقابلہ کریں اور مسلسل سیکھنے کے عمل کو جاری رکھیں۔نائب صدر آئی سی سی آئی محمد وقاص خان سواتی نے نوجوانوں اور طلبہ کو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، کوڈنگ، ٹیکنالوجی اور کاروبار کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے عملی مہارتوں، ٹیم ورک اور جدید کاروباری آئیڈیاز کو عملی شکل دینے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری باصلاحیت نوجوانوں اور نئے اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کے لیے تیار ہے۔
تقریب سے ڈاکٹر عمارہ آفتاب، حمزہ قریشی، زہرا شفق، منصور امجد، عبداللہ ہارون اور دیگر ٹیکنالوجی ماہرین نے بھی خطاب کیا اور جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل جدت اور آئی ٹی کے مستقبل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر صدر آئی سی سی آئی نے تقریب کے انعقاد میں ایگزیکٹو ممبر ابرار الحق، نائب صدر کمپیوٹر ہارڈویئر ایسوسی ایشن آف پاکستان اعزاز محمد اور سابق ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر محمد عثمان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔