اسلام آباد(سب نیوز) رکن قومی اسمبلی، پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اور مسلم لیگ (ن)ویمن ونگ اسلام آباد کی صدر فرح ناز اکبر نے کہا ہے کہ وہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور خواتین کاروباری افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں بامعنی شمولیت اور انہیں بااختیار بنائے بغیر کوئی بھی ملک پائیدار معاشی ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، معیشت کو مستحکم بنانے اور پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو آئی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دی اور کاروباری ماحول میں آسانیاں پیدا کرنے اور معاشی ترقی کے لیے چیمبر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی چیمبر کی حیثیت سے آئی سی سی آئی حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مثر رابطے کو فروغ دینے اور کاروباری برادری کے معاشی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین کے فوکل پرسن برائے یوتھ موبلائزیشن اینڈ انگیجمنٹ سید ذیشان نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
فرح ناز اکبر نے آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد وقاص خان کی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے معزز مہمان کو کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور حکومت و نجی شعبے کے درمیان مثر پل کے طور پر چیمبر کے ایڈووکیسی کردار کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے اپنے وژن سے آگاہ کیا۔ سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ اور نائب صدر محمد وقاص خان نے بھی چیمبر کے آئندہ اقدامات اور ترجیحات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ممبران چوہدری مظہر حسین، ملک راشد طفیل، محمد نعمان، شاہد عباسی، رانا استخار علی خان، سید عمران بخاری، محمد اسرار مشوانی، محمد عارف، محمد فواد سیگل، محمد خورشید، سہیل چوہدری، محترمہ صدف عاصم عباسی، محترمہ نگینہ خلیق اور دیگر بھی موجود تھے۔
