ہومپاکستاننائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات، سندھ طاس معاہدے سے متعلق پیش رفت ، خطے کی صورتحال پر گفتگو

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات، سندھ طاس معاہدے سے متعلق پیش رفت ، خطے کی صورتحال پر گفتگو

لندن (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ کے وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ کے سرکاری دورے کے دوران لندن میں برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے وفد کی سطح پر مذاکرات کیے ہیں۔ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ نے تعاون کے تمام شعبوں میں روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں وزارتِ خارجہ کے درمیان باقاعدہ مذاکرات کا منظم طریقہ کار قائم کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں جانب سے اہم شعبوں میں پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال، بالخصوص مشرق وسطی میں بدلتی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے خطے میں پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں اور ان رابطوں کے ذریعے ہونے والی پیشرفت سے برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے مشرق وسطی میں مذاکرات، سفارتکاری اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور سہولت کاری کی کوششوں کو سراہا۔
مذاکرات میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق پیش رفت اور خطے کی سکیورٹی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت مسلسل اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور بین الاقوامی قانون و معاہدوں کی پاسداری یقینی بنانا ضروری ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے افغان سرزمین سے پیدا ہونے والے دہشتگردی کے خطرات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے سرگرم دہشتگرد گروہ پاکستان کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ نے خطے اور اس سے آگے امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ملاقات میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو بھی تسلیم کیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستانی برادری پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔