اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے معروف ایچ نائن اتوار بازار کی بندش کے خلاف دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے بازار فوری کھولنے کا مطالبہ کردیا۔سیکٹروں تاجروں نے آج ایچ نائن اتوار بازار کے باہر دھرنا دیا اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے خلاف نعرے لگائے۔مظاہرین نے سوال اٹھایا کہ حفاظتی انتظامات میں خامیوں کو دور کرنے کے بجائے پورے بازار کو بند کیوں کیا گیا ہے۔
تاجروں کے مطابق بازار کی بندش سے ان کی آمدنی رک گئی ہے اور انہیں مالی مشکلات کا سامنا ہے۔واضح رہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی)کے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے)نے فائر سیفٹی اقدامات کرنے تک 16 اکتوبر2026 سے ایچ نائن اور جی سکس کے ہفتہ وار بازار بند رکھنے کا حکم دیا تھا۔جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ جب تک آگ سے بچاو کے مناسب انتظامات مکمل نہیں کرلیے جاتے اور سی ڈی اے کی ایمرجنسی سروسز کی جانب سے کلیئرنس نہیں مل جاتی، بازار بند رہیں گے۔دوسری طرف تاجروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ سے بچا واور دیگر حفاظتی اقدامات پر رقم خرچ کی ہے۔
ان کے مطابق بازار میں تقریبا 17 سو آگ بجھانے والے آلات نصب کیے گئے ہیں جبکہ فائر سیفٹی ٹرالیاں اور سگریٹ نوشی سے منع کرنے والے بورڈز بھی لگائے گئے ہیں۔دکانداروں نے دعوی کیا کہ 30 سکیورٹی کیمرے نصب کیے جاچکے ہیں اور تقریبا 500 اسٹالز پر میش شٹر گیٹس بھی لگائے گئے ہیں، جبکہ باقی اسٹالز پر کام جاری ہے۔تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے سے کیے گئے اقدامات کا معائنہ کیا جائے اور باقی خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے کا موقع دیا جائے۔
