ہومپاکستانڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکرکی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکرکی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سب نیوز)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی امریکی سفارتخانے اسلام آباد کی ڈپٹی چیف آف مشن نتالی بیکر سے ملاقات، پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ڈٹی چیئرمین سینیٹ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو پائیدار، ادارہ جاتی اور پارلیمانی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پارلیمان، حکومت، کاروباری برادری، سول سوسائٹی اور عوامی سطح پر مسلسل اور بامعنی روابط ضروری ہیں، پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور دیرپا تعاون کی مضبوط بنیاد موجود ہے، سیاسی، پارلیمانی اور سفارتی شمولیت کے ذریعے اسے مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے، دونوں ممالک کی پارلیمان عوامی نمائندگی کا اہم ادارہ ہونے کے ناطے پاک امریکہ تعلقات میں پل کا کردار ادا کر سکتی ہیں۔

سیدال خان ناصرنے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مستقل بین الپارلیمانی گروپ کے قیام کی تجویز، مجوزہ فورم کے ذریعے مسلسل پارلیمانی سفارت کاری، ادارہ جاتی مکالمے اور پالیسی تبادلے کو فروغ دیا جا سکتا ہے ،امریکی کانگریس اور پاکستانی پارلیمان کے درمیان باقاعدہ اور مسلسل رابطے کے ذریعے مشترکہ مفادات کے امور پر پالیسی مکالمہ اور تجربات کا تبادلہ ممکن ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے عوام نے قیامِ امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے، افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام پاکستان اور پورے خطے کے مفاد میں ہے،پاکستان افغانستان میں امن، استحکام اور مذاکراتی عمل کے فروغ کے لیے ایک ذمہ دار علاقائی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے،افغانستان میں پائیدار امن سے پاکستان، امریکہ اور پورے خطے میں تجارت، اقتصادی ترقی اور علاقائی رابطہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں،خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان مذاکرات، سفارت کاری، تحمل اور پرامن ذرائع سے تنازعات کے حل کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار علاقائی ملک کی حیثیت سے کشیدگی میں کمی، سفارتی رابطوں اور باعزت سیاسی حل کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مرکزی اہمیت دی جانی چاہیے،پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری، پاکستانی مصنوعات کے لیے امریکی مارکیٹ تک بہتر رسائی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور کاروباری جدت دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے،دونوں ممالک کی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کے فروغ کے لیے پارلیمانی سطح پر بھی سہولت کاری کی جا سکتی ہے، اقتصادی تعلقات کو سیاسی اور سفارتی روابط کے ساتھ مزید مربوط بنانے کی ضرورت ہے،پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل ہے، اقتصادی، تعلیمی، سیاسی اور سماجی شعبوں میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے،عوامی سطح پر روابط پاک ،امریکہ تعلقات کا اہم حصہ ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔امریکی ڈپٹی چیف آف مشن نے پاک امریکہ تعلقات کے فروغ میں پارلیمانی روابط کی اہمیت کو سراہا ، باہمی تعاون اور اقتصادی و عوامی روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت سے اتفاق ،پاکستان اور امریکہ کے درمیان پارلیمانی، سفارتی، اقتصادی اور عوامی سطح کے روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے باقاعدہ اور مسلسل رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔