ہومبریکنگ نیوزسی ڈی اے نے اسلام آباد کے پہلے ڈیجیٹل بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کو فعال کردیا

سی ڈی اے نے اسلام آباد کے پہلے ڈیجیٹل بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کو فعال کردیا

اسلام آباد (آئی پی ایس )سی ڈی اے و ایم سی آئی انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں تعمیر کیے گئے پارکنگ پلازہ کو مکمل طور پر پبلک کے لیے اوپن کر دیا گیا ہے۔ بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں بیک وقت 1200 سے زائد گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

پارکنگ پلازہ میں پارکنگ کی سہولت 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن فراہم کی جائے گی۔ابتدائی طور پر عوام الناس کے لیے چند دن کے لیے پارکنگ کی سہولت بالکل مفت فراہم کی جارہی ہے۔ تاہم بعد ازاں، گاڑیوں کے لیے 100 روپے جبکہ موٹر سائیکلوں کے لیے 50 روپے پارکنگ فیس مقرر کی گئی ہے۔ جبکہ ابتدائی 20 منٹ کے لیے پارکنگ کی سہولت مکمل طور پر مفت ہوگی۔بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں مکمل ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔

سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔ عوام الناس کی سہولت کے لیے کیش لیس اور آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی میسر ہوگی۔جدید نظام کے تحت پارکنگ پلازہ میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو ڈیجیٹل طریقہ کار کے مطابق رسیدیں جاری کی جائیں گی۔

پارکنگ فیس گاڑی یا موٹر سائیکل کے باہر نکلتے وقت وصول کی جائے گی۔مستقبل قریب میں پارکنگ پلازہ کی چھت (روف ٹاپ) پر شہریوں کے لیے ریسٹورنٹ کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی جہاں شہریوں اور سیاحوں کے لیے کھانے پینے اور تفریح کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ جبکہ پلازہ میں موجود متعدد کمرشل دکانوں کی نیلامی سی ڈی اے کی جانب سے پہلے ہی مکمل کی جاچکی ہیں۔

اس جدید پارکنگ پلازہ کے قیام سے بلیو ایریا اور اس کے گرد و نواح میں گاڑیوں کی پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ اسی طرح شہریوں کو محفوظ، منظم اور جدید سہولیات سے آراستہ پارکنگ کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔واضح رہے، یہ منصوبہ دارالحکومت میں جدید اور ڈیجیٹل پارکنگ متعارف کرانے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔ بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور کیش لیس نظام سے شہریوں کو جدید اور محفوظ پارکنگ کے ساتھ شفاف پارکنگ فیس کی ادائیگی کی سہولت میسر آئے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔