نئی دہلی (آئی پی ایس )بھارت نے بنگلا دیشی معزول وزیرِاعظم شیخ حسینہ کی دسمبر میں واپسی کے لیے شرائط رکھ دیں۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارت چاہتا ہے کہ بنگلا دیشی فوج معزول وزیرِ اعظم کی واپسی کی نگرانی کرے اور ڈھاکا انہیں نئے مقدمے کی ضمانت دے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریبا 2 سال قبل جب بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں مشتعل ہجوم نے شیخ حسینہ کی رہائش گاہ پر دھاوا بولا تو وہ بنگلا دیشی فوجی طیارے کے ذریعے بھارت پہنچی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق اب انہوں نے دسمبر میں بنگلا دیش واپس جانے کا اعلان کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق نئی دہلی اس منصوبے سے اتفاق کرتا ہے، تاہم وہ عوامی لیگ کی سربراہ کی سلامتی اور انہیں منصفانہ ٹرائل کا موقع فراہم کرنے سے متعلق بعض ضمانتیں چاہتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کچھ عرصے سے جلا وطنی کی زندگی گزارنے والی شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے لیے قابلِ عمل راستہ تلاش کر رہا ہے۔بھارت یہ یقینی بنانا چاہتا ہے کہ شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے وقت ان کی جان اور سلامتی کو خطرہ لاحق نہ ہو۔واضح رہے کہ حال ہی میں شیخ حسینہ نے نئے پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کے حصول کے لیے بنگلادیشی حکومت کو درخواست جمع کرائی ہے، جلاوطنی کے بعد ان کا بنگلا دیشی حکومت سے پہلی مرتبہ باضابطہ رابطے کا آغاز ہوا۔
