اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی۔ پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات پر وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نیکی۔اجلاس میں عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے سفارش پیش کی کہ عوام کو پیٹرولیم کی قیمتوں کے تعین کا بینچ مارک معلوم ہوناچاہیے۔
اجلاس میں پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو صوابدیدی فیصلوں سے پاک نظام کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا، تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن پر تمام اراکین نے اتفاق کرتے ہوئے شفافیت بڑھانے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اجلاس کے دوران کہا کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی، آبنائے ہرمز بند ہونے سے کمیٹی کی ذمہ داری مزید اہم ہو گئی۔
انہوں نے کہا پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلا دیش، سری لنکا اور ترکیے سے کم اور بھارت کے تقریبا برابر ہیں، درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ مقامی ڈیزل پیداوار میں اضافہ پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید مضبوط بنائیگا، پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔
