اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر طارق فضل چودھری کا کہنا ہے وفاقی دارالحکومت کو سومنات بنانے کی دھمکی دینے والے جنید اکبر خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، یہ پاکستان کا دارالحکومت اور 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا تحریک انصاف نے اپنی طرزِ سیاست اور حکمرانی سے خیبرپختونخوا کو جس بدامنی، بدانتظامی اور سیاسی انتشار سے دوچار کیا، اسے سومنات بنانے کی سیاست نہ کہیں تو اور کیا کہیں؟ اب اسلام آباد کے بارے میں ایسی زبان اور ایسے عزائم ناقابلِ قبول ہیں۔سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے، لیکن دارالحکومت کو میدانِ تصادم بنانے کی دھمکیاں نہ جمہوری سیاست ہیں نہ عوام کے مفاد میں۔اسلام آباد کو نقصان پہنچانے کا سوچنے کے بجائے خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل پر توجہ دیں۔
