پشاور (سب نیوز)پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کا اسلام آباد مارچ کے حوالے سے اہم بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اس بار کارکن صرف ایک راستے سے اسلام آباد میں داخل نہیں ہوں گے بلکہ موٹروے، جی ٹی روڈ، مارگلہ کی پہاڑیوں اور دیگر راستوں سے دارالحکومت پہنچیں گے۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہاکہ پہلی مرتبہ ہم صدمے میں تھے اور ریاست کو اپنی ماں سمجھتے تھے، ہمیں معلوم نہیں تھا کہ ریاست اس طرح چلائی جاتی ہے، لیکن اب حالات اور سوچ مختلف ہو چکے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے دھمکی دی کہ خاموشی سے لاشیں اٹھانے، کفن پہنانے اور دفن کرنے کا وقت گزر چکا ہے۔ اس بار اگر تصادم ہوا تو ہم بھی لاشیں اٹھائیں گے اور لوگ انہیں لینے بھی آئیں گے۔جنید اکبر نے کہاکہ میں آپ سب کو گواہ بناتا ہوں کہ ہم اسلام آباد کو سومناتھ بنا دیں گے۔
خیبرپختونخوا کی صوبائی قیادت کی جانب سے سامنے آنے والے اس سخت اور جارحانہ بیانیے کے بعد ملک کے سیاسی ماحول میں مزید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایک طرف پی ٹی آئی پرامن لانگ مارچ کا دعوی کررہی ہے، جبکہ دوسری جانب لیڈر شپ کی جانب سے ریاست کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، جو ریاست کے اندر ریاست بنانے کے مترادف ہے۔
