ہومپاکستانیہ آئیں گے ضرور لیکن جائیں گے نہیں، جنید اکبر کی دھمکی پر طلال چوہدری کا سخت ردعمل

یہ آئیں گے ضرور لیکن جائیں گے نہیں، جنید اکبر کی دھمکی پر طلال چوہدری کا سخت ردعمل

اسلام آباد(سب نیوز)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کی اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکی پر سخت نتائج سے آگاہ کر دیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی فساد کرنے کی منصوبہ بندی ہے، پرامن احتجاج کیلیے تو اس طرح کے بیانات نہیں ہوتے، دیگر سیاسی جماعتیں بھی قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرتی ہیں، جنید اکبر کے بیان سے پتا چلتا ہے کہ یہ لوگ کیا کرنا چاہتے ہیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ 9 مئی کو ان کے گھروں سے جلوس نکلے اور پھر کہا کہ ہم نے کچھ نہیں کیا، 26 نومبر کو یہ مسلح ہو کر آئے، اہلکاروں کو کچلا اور پھر کہا کہ ہم پرامن ہیں، ان کی منصوبہ بندی ہے کہ ریاست میں انارکی پیدا ہو لیکن ریاست ایسے بگڑے ہوئے انتشاری لوگوں سے نمٹے گی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ پہلے بھی اس طرح کے گروپ تھے جن کا آج کوئی وجود نہیں، اسلام آباد کیلیے جامع سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے بریفنگ دی، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرے، اسلام آباد ملک کا دارالحکومت ہے پوری صلاحیت سے تحفظ کریں گے، جو بھی اس طرح کا ذہن لے کر آ رہے ہیں وہ آئیں گے ضرور لیکن جائیں گے نہیں۔
طلال چوہدری نے واضح کیا کہ جلسے جلوسوں سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کم ہو سکتی ہے اور نہ بڑھ سکتی ہے، جماعت اسلامی جانتی ہے کہ حکومت کے پاس گنجائش ہو تو قیمت کم کر سکتی ہے۔طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جماعت اسلامی اس بات پر غور کرے گی جلسے سے قیمت کم نہیں ہوگی، جماعت اسلامی میں سمجھدار اور باعزت لوگ ہیں امید ہے ہماری بات کو سمجھیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔