اسلام آباد (آئی پی ایس )بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مئی 2026میں ترسیلات زر کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 4 ارب 30 کروڑ ڈالر وطن بھیجے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق مئی کے دوران سعودی عرب سے 1 ارب 2 کروڑ ڈالر جبکہ متحدہ عرب امارات سے 1 ارب 66 لاکھ ڈالر پاکستان آئے۔
برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 64 کروڑ ڈالر اور یورپی یونین کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 46 کروڑ ڈالر بھجوائے، یوں صرف یورپ سے مجموعی ترسیلات تقریبا 1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔مالی سال 2025-26 کے پہلے 11 ماہ کے دوران مجموعی ترسیلات زر 38 ارب 21 کروڑ ڈالر رہیں، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ اس عرصے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ریکارڈ ترسیلات زر پر سمندر پار پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترسیلات میں اضافہ نہایت خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق مئی 2026 میں ترسیلات زر میں ماہانہ بنیاد پر 20 اعشاریہ 2 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 15 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ملکی معیشت پر اعتماد اور مثبت شراکت داری قومی سرمایہ ہے، جبکہ ان کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات ملک کی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

