ہومبریکنگ نیوزایف آئی اے اسلام آباد زون کی تاریخی کامیابی — 92 نرسوں کو جعلی تجربہ سرٹیفکیٹس کے ذریعے سعودی عرب بھیجنے والے دو ملزمان کو اسپیشل کورٹ راولپنڈی نے مجموعی 41 سال قید اور 92 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی

ایف آئی اے اسلام آباد زون کی تاریخی کامیابی — 92 نرسوں کو جعلی تجربہ سرٹیفکیٹس کے ذریعے سعودی عرب بھیجنے والے دو ملزمان کو اسپیشل کورٹ راولپنڈی نے مجموعی 41 سال قید اور 92 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی

اسلام آباد: اسپیشل کورٹ (سنٹرل) راولپنڈی کے جج عبدالرحمٰن محمد عارف نے مقدمہ نمبر 103/2024 (پولیس اسٹیشن ایف آئی اے اے سی سی اسلام آباد) میں دو ملزمان کو پاکستان پینل کوڈ، ایمیگریشن آرڈیننس 1979 اور پریونشن آف کرپشن ایکٹ 1947 کی متعلقہ دفعات کے تحت مجموعی طور پر 41 سال قید اور 92 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

یہ مقدمہ 92 نرسوں کو جعلی تجربہ سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر سعودی عرب بھیجنے اور بعد ازاں ایک ماہ میں واپس ڈی پورٹ کیے جانے کے سنگین واقعے سے متعلق تھا۔ اس انتہائی اہم مقدمے کی پیش رفت رپورٹس باقاعدگی سے وزیراعظم آفس کو بھی ارسال کی جاتی رہیں۔

ملزم نمبر 1 — غلام ذوالفقار علی عرف میاں ذوالفقار ولد دین محمد:

عدالت نے درج ذیل سزائیں عائد کیں (تمام سزائیں بیک وقت جاری رہیں گی): دفعہ 420 پی پی سی: 7 سال سخت قید + ایک لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 468 پی پی سی: 7 سال سخت قید + ایک لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 471 پی پی سی: 7 سال سخت قید + ایک لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 18 ایمیگریشن آرڈیننس 1979: 10 سال سخت قید + دو لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 22 ایمیگریشن آرڈیننس 1979: 10 سال سخت قید + دو لاکھ روپے جرمانہ۔ علاوہ ازیں عدالت نے دفعہ 544-A ضابطہ فوجداری کے تحت ملزم کو 92 متاثرہ نرسوں کو فی کس ایک لاکھ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 92 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ یہ رقم ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد کے توسط سے متاثرین میں تقسیم کی جائے گی۔

ملزم نمبر 2 — غلام فرید ولد محمد صادق:

دفعہ 18 ایمیگریشن آرڈیننس 1979 کے تحت 3 سال سخت قید اور دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ملزم کو دفعہ 22 ایمیگریشن آرڈیننس 1979 بمع دفعات 420، 468 اور 471 پی پی سی کے الزامات میں شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا گیا۔ دونوں ملزمان کو سنٹرل جیل راولپنڈی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

یہ تاریخی کامیابی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی زیر نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر افضل خان نیازی کی قیادت میں تفتیشی افسر سب انسپکٹر کاشف ریاض اعوان، سب انسپکٹر احتشام گونڈل اور اے ڈی لیگل سلاح الدین کی انتھک محنت، غیر معمولی ثبوت اکٹھے کرنے اور مضبوط چالان کی تیاری کا نتیجہ ہے۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون کا یہ تاریخی فیصلہ ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیت، لگن اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایف آئی اے کا عزم ہے کہ ایمیگریشن فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا رہے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔